قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا، تختیوں سے بات نہیں چلے گی، حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عوام تیاری کریں، لنگوٹیں کسیں، اگر حکومت سے فوری جان نہ چھڑائی تو خاکم بہ دہن پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ نواز شریف کے منصوبوں پر عمران خان نے تختیاں لگائیں، تختیاں لگانے کا اتنا ہی شوق تھا تو بتا دیتے، ہم انہیں اسی کام پر لگوادیتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جلد بازی میں فقرے کس دیتاہوں یار دوست ہنسی مذاق کرتے ہیں، میں نے کبھی کہہ دیا کہ لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو نام بدل دینا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ سیاست اصل میں عوامی خدمات کا نام ہے، سیاست نام ہے لوگوں کے دکھ درد بانٹنے کا ، سیاست نام ہے لوگوں کو سہولتیں مہیا کرنے ، مہنگائی ختم کرنےکا، سیاست نام ہے مہنگائی ختم کرنے کا جو نواز شریف نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے قوم سے اندھیرے ختم کرنے کا وعدہ کر رکھا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ سلمان فقیر منش آدمی ہیں نہ فوٹو سے غرض نہ کسی اور چیز سے ، خواجہ سلمان دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ساڑھے تین برس میں معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، عمران نیازی اور حکومت نے اسپتالوں کا جنازہ نکال دیا ہے ، پچاس لاکھ گھر تو دور کی بات ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی۔
Comments are closed.