لاہور:امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانو ں نے پاکستان کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کر دیا ہے،حکومت تمام شعبوں میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔سونامی تباہی میں تبدیل ہوگیا ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ اوآئی سی کانفرنس میں امریکا کے خوف سے کسی اسلامی ملک نے کشمیر کا نام تک نہیں لیا۔تحریک انصاف،مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی یہ ایک ہی پارٹی کا نام ہیں جنھوں نے باری باری ملک کو کمزور کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کی مظلوم عوام کی امیدوں کا محور ومرکز ہے، دولت کی بنیاد پر تحریک انصاف نے اپنی حکمرانی قائم کی ہے وزیر اعظم صرف اپنی ذات کے عاشق ہیں اور اپنی خدائی کو مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن اب بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد یہ اپنے مستقبل سے مایوس ہیں اورکے پی کے میں اپنی بدترین شکست کا رونا رو رہے ہیں دیگر صوبوں کے بلدیاتی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت خود بخود ختم ہوجائے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومتی پارٹی اور اپوزیشن دونوں ہی امریکہ کی غلام بنی ہوئی ہیں۔ پانا ما لیکس،پینڈورا لیکس میں ان تینوں جماعتوں کے لوگوں کے نام ہی آئے ہیں اوران ہی لوگوں نے اسٹیٹ بینک،پاکستان اسٹیل،پی آئی اے،واپڈا،ریلوے کو تباہ کیاہے۔ملک میں گیس،بجلی،چینی، آٹے کا بحران ہے۔
سرا ج الحق نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ ملک میں خوشحالی اور ترقی جماعت اسلامی ہی لیکر آئے گی عوام تحریک اسلامی کے سفیر بن جائیں اور ظلم کے نظام سے نجات حاصل کریں۔پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کو بار بار موقع ملا ہے لیکن ان سب نے صوبہ سندھ اور کراچی کو تباہی کے سواءکچھ نہیں دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ غلام ابن غلام حکمراں پوری قوم کو امریکہ کا غلام اور ملک کو لادینی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔جماعت اسلامی پوری دنیا کے نظام باطل کو چیلنج کر رہی ہے۔لادینی قوتیں اسلامی تحریکوں کے سامنے رکاوٹ ہیں۔
Comments are closed.