وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کے حملہ آوروں نے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں تربیت لی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 50 سے 100 افرادکا تربیت یافتہ گروہ تھا۔ جناح ہاؤس میں داخل ہونے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج اجلاس میں بتایا گیا کہ کتنے افراد کی شناخت اور کتنے گرفتار ہوچکے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرنے سے پہلے خواتین کا گروہ حالات دیکھنے جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تنصیبات پر آگ لگانے والے افراد ٹریس ہوچکے ہیں، کسی مجرم کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ میانوالی سمیت مختلف شہروں میں سرکاری، دفاعی تنصیبات پر حملوں میں افغان شہری بھی ملوث ہیں۔ تنصیبات پر حملے کرنے والے لوگوں کو اب نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی پراپرٹیز کو نقصان پہنچایا گیا۔
رانا ثناءاللّٰہ نے دعویٰ کیا کہ شواہد سامنے آچکے ہیں کہ حملہ آوروں نے زمان پارک میں تربیت لی۔ ہم ثابت کریں گے کہ فتنہ اور فساد باقاعدہ منصوبہ بندی سےکیا گیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ان کی ایک سال تک تربیت کی اور فتنہ و فساد کے لیے تیار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں ہے۔
Comments are closed.