وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہمارے سفارتی تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اس نے شعبدہ بازی کی اس لیے ڈالر آج 200 روپے پر چلا گیا۔
لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اتحادی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے تھے، کون سے ایسا ملک ہے جو اس وقت پیٹرول پر سبسڈی دے رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمر سرفراز چیمہ اور ایوان صدر میں بیٹھا شخص آئین پاکستان کے مجرم ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ اللّٰہ جب تک چاہے گا وہ وزیر اعلیٰ رہیں گے، پاکستان میں انتشار پھیلایا جارہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے مجھے سکھایا ہے عوام کی خدمت کرو۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں ڈیڑھ ماہ سے کوئی گورنر نہیں، ایک ماہ سے اوپر ہوگیا ہے جب حلف نہ لینے کی بیماری ایوان صدر سے چلی، اس بیماری نے گورنر ہاؤس میں ڈیرے لگائے، عدالتی احکامات کو بھی نہیں مانا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ چار سال میں پنجاب کے ساتھ زیادتی کی گئی، صوبے کے عوام کی خدمت کے جذبے سے آگے بڑھتا رہوں گا، عمران نیازی سن لیں کوئی طاقت مجھے عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، آج یہ سیاست نہیں، سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کیا چار سال تمہیں موقع نہیں دیا گیا؟ گندم پوری نہ ہونے کے باوجود گندم باہر بھجوا دی گئی، 4 سال عمران نیازی عوام کے ساتھ یہ کھلواڑ کرتا رہا، یہ آدمی افراتفری اور انتشار چاہتا ہے، آج یہ انقلاب کے نعرے لگاتا ہے، 4 سال پہلے اس نے سونامی سے ملک تباہ کردیا، یہ شخص آج جلسوں میں شعبدہ بازی کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جس نے کہا تھا میں آلو اور پیاز کی قیمتیں کم کرنے نہیں آیا، فارن فنڈنگ کیس میں7 سال ہوگئے، یہ آج بھی اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپتا پھر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ہمیشہ وزیر اعلیٰ نہیں رہنا، پاکستان نے ہمیشہ رہنا ہے، اداروں کو سوچنا ہوگا، اس نے کہا ہے میرے جلسے میں فوج کے خاندان بھی ہوں گے، یہ سنگین بات ہے، اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، یہ فوج کو تقسیم کرنے کی سازش سے پیچھے نہیں ہٹ رہا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 490 روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے صوبے میں آٹا اسی قیمت پر دستیاب ہوگا۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے عوام کے لیے سستا کررہے ہیں، ہم 45 لاکھ ٹن گندم خرید چکے ہیں، گندم پروکیور کرچکے ہیں، ایک سال کا اسٹاک موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بہت جلد کینسر اور دیگر ادویات مفت دیں گے، پنجاب کے مختلف اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کردی ہیں، 36 اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنادی ہیں، مافیا کو پالنے کا دور گزر گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی صاحب، مگر مچھ کے آنسو مت بہائیں،آپ نے آئین کو پامال کیا، کیمروں نے دکھایا آپ نے اسمبلی میں آئین اور قانون کو پامال کیا، آپ نے ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کرایا اور پھر شاباش دیتے رہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ میں انتقام پر یقین نہیں رکھتا، حالانکہ میرے پورے خاندان کو جیل میں ڈالا گیا، فرح گوگی کے کہنے پر پورا پنجاب چلتا تھا، عمران نیازی سے میں انتقام نہیں لوں گا، سب سے بڑا انتقام گڈ گورننس اور عوام کی خدمت ہے، یہ نہیں چاہتے کہ جمہوری نظام چلے، نئے پاکستان کی بنیادیں بھی نظرنہیں آرہیں بلکہ پرانے پاکستان کو بھی انھوں نے تباہ کردیا،ایک کروڑ نوکریاں کون کھا گیا؟ پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں؟
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، آج اس کی انا آڑے آرہی ہے، اتحادی جماعتوں سے مشاورت اور عوام کے مفاد میں الیکشن ضرور ہوں، پاکستان کے مسائل کا اصل حل صاف شفاف انتخابات ہیں، پچھلے الیکشنز متنازع تھے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ لانگ مارچ نہیں، خوف مارچ ہے، اس مارچ کی سیاسی موت بھی جلد ہوگی، ہم نے آئین و قانون کے تحت کیسز کا سامنا کیا ہے۔
Comments are closed.