بدھ 16؍ربیع الثانی 1445ھ یکم نومبر2023ء

حماس کی القسام بریگیڈ نے نئے ہتھیار تارپیڈو سے اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی القسام بریگیڈ نے نئے ہتھیار تارپیڈو سے اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کر دی۔

زمینی آپریشن میں اسرائیلی فوج کو حماس کے القسام بریگیڈ کی شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

نوجوانوں کی مزاحمت کو دیکھ کر اسرائیلی فوجی گھبرا گئے اور ٹینکوں سمیت وہاں سے بھاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں زمینی آپریشن کے دوران مزید 11 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں، جس کے بعد زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

 غزہ کے محصور اور بے بس فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کے جنگی جرائم 26ویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی فوج کی جبالیہ کے پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 50  فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ کے اسپتال میں موجود ایک بچی اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی اپنی ماں کو یاد کرتے ہوئے دکھی نظر آرہی ہے۔

جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور  سیکڑوں افراد ملبے میں دب گئے، لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی بمباری میں اب تک 8 ہزار 796 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ شہداء میں 3 ہزار 648 بچے اور 2 ہزار 290 خواتین بھی شامل ہیں۔ جبکہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب غزہ سے شدید زخمیوں کی مصر منتقلی کیلئے رفح کراسنگ کھول دی گئی، جس کے بعد ایمبولینسیں غزہ میں داخل ہوگئیں، غیر ملکی پاسپورٹ ہولڈرز اور زخمی شہریوں کو غزہ سے باہر جانے کی اجازت ہے۔

غزہ کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ رفح کراسنگ کے راستے غزہ سے 81 زخمیوں کو مصر بھیجا جا رہا ہے۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد دینے کے لیے سینائی میں فیلڈ اسپتال بنایا گیا ہے۔

قطر کی ثالثی میں امریکا کے تعاون سے مصر، حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ ہوگیا، انخلا کیلئے رفح بارڈر کراسنگ کتنے وقت تک کھلی رہے گی اس کی کوئی ٹائم لائن نہیں ہے، معاہدے میں یرغمالیوں کی رہائی یا انسانی ہمدردی کا وقفہ بھی شامل نہیں۔

7 اکتوبر سے جاری جنگ کے بعد سےلوگوں کے انخلا کیلئے پہلی مرتبہ رفح کراسنگ کو کھولا گیا ہے۔

غزہ کے اسپتالوں کیلئے فوری طور پر ایندھن کی فراہمی کی اپیل کی گئی ہے غزہ میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر بند ہوگئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.