منگل 16؍ربیع الاوّل 1445ھ3؍اکتوبر 2023ء

حسن علی کے سُسر نواسی سے ملنے کیلئے پاک بھارت میچ کے منتظر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کے سُسر احمد آباد میں پاک بھارت میچ کے لیے بے تاب ہیں۔

حسن علی کے سُسر لیاقت خان اپنی نواسی کو میچ کے موقع پر ملنے کے منتظر ہیں اور وہ اپنی نواسی کو پہلی مرتبہ گود میں لینے کے لیے میچ کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔

لیاقت خان کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع نوح سے ہے اور وہ ریٹائرڈ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ہیں۔

یاد رہے کہ حسن علی اور سمیعہ خان کی شادی 2019ء میں دبئی میں ہوئی تھی اور اس کے بعد سے سمیعہ خان اب تک بھارت نہیں گئی ہیں۔

لیاقت خان کا کہنا ہے کہ نواسی کی ولادت کے موقع پر میری اہلیہ2021ء میں پاکستان گئی تھیں، میں اپنی نواسی کو گود میں لینے کے لیے انتظار نہیں کر سکتا، ہمیں امید ہے کہ ہم سب احمد آباد میں ملاقات کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ حسن علی سے شادی کے لیے میں نے اپنی بیٹی کے فیصلے پر شک کا اظہار نہیں کیا تھا، میں نے بیٹی کو کہا تھا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کس سے شادی کر رہی ہو۔

لیاقت خان کا کہنا ہے کہ روز پاکستان اور بھارت کے اچھے تعلقات کے لیے دعا کرتا ہوں، میری اللّٰہ سے یہی گزارش رہتی ہے کہ دونوں ملکوں کے رشتے سدھر جائیں، ہم بھائیوں کی طرح پُرامن رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پاک بھارت کرکٹ سیریز زیادہ چاہتا ہوں، امید ہے کہ حسن علی کسی دن دہلی میں کھیلیں گے اور ہم انہیں اپنے گھر پر مدعو کریں گے، میری بیٹی آ سکتی ہے اور اپنے گھر رہ سکتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.