حبیب یونیورسٹی کا پانچواں سالانہ کانووکیشن ہفتے کو منعقد ہوا، جس میں فارغ التحصیل 200 طلباء کو اسناد تقسیم کی گئیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی خطرناک اور جان لیوا وباء کے بعد حبیب یونیورسٹی کے پہلے آن کیمپس کانووکیشن میں پاس آؤٹ ہونے والے طلباء، یونیورسٹی کی قیادت، اساتذہ، طلباء، والدین، سابق طلباء اور معاونین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
معروف فنکار، ڈائریکٹر اور ٹیلی ویژن براڈکاسٹر ضیاء محی الدین نے کانووکیشن سے مرکزی خطاب کیا۔
اپنے جداگانہ انداز میں بات کرتے ہوئے انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنی توانائی ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے وقف کرنے کی نصیحت کی۔
ضیاء محی الدین نے طلباء کو یاد دلایا کہ دنیا کو درپیش مستقبل کے چلینجز سے نمٹنے اور ان کے دیرپا حل کے لیے لوگوں کی امیدیں ان سے وابستہ ہیں۔
اس موقع پر صدر حبیب یونیورسٹی واصف رضوی نے بھی فارغ التحصیل طلباء کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اساتذہ، گریجویشن بیچ کے اہل خانہ اور طلبہ کی مدد کرنے پر یونیورسٹی قیادت کی بھی خصوصی تعریف کی۔
واصف رضوی کا کہنا تھا کہ جامعہ سے فارغ ہونے والے طلباء پر اب ذمہ داریوں کا غیر معمولی بوجھ ہے، جو انہوں نے احسن طریقے سے نبھانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو نئی سمت اور راہیں تلاش کرنے میں مشکل کا سامنا ہے اور اس مشکل میں نظریں طلباء پر ہیں جو مستقبل کے معمار ہیں۔
حبیب یونیورسٹی کے چانسلر رفیق ایم حبیب نے اپنی تقریر میں طلباء کو حبیب یونیورسٹی کے فلسفۂ یوحسن کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی نصیحت کی۔ جس کے پانچ اہم اصول ہیں۔ یعنی اپنے علم میں فضیلت کے لیے کوشش کرنا، جمالیات کو داد دینا، جذبہ کی پرورش، دوسروں کا احترام اور اپنی کمیونٹیز کی خدمت کرنا شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فلسفے کو اپناکر آپ مزید تعلیم حاصل کریں یا کوئی بھی کیریئر اختیار کریں، آپ اپنے راستے میں آنے والی تمام مشکلات کا باآسانی سامنا کر پائیں گے۔
اس سال مجموعی طور پر 200 طلباء یونیورسٹی کے دو اسکولوں، یعنی دھانانی اسکول آف سائنس اینڈ انجینئرنگ (ڈی ایس ایس ای) اور اسکول آف آرٹس، ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز (اے ایچ ایس ایس) سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔
ڈی ایس ایس ای سے مجموعی طور پر 97 طلباء نے گریجویشن کیا ہے۔ ان میں سے 29 طلبا نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی جبکہ 68 طلبا نے کمپیوٹر سائنس میں بی ایس مکمل کی۔
اسکول آف آرٹس، ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز (اے ایچ ایس ایس) سے 103 طلباء کی گریجویشن مکمل ہوئی۔ ان میں سے 56 طلباء نے سوشل ڈیولپمنٹ اینڈ پالیسی میں بی ایس سی (آنرز) ڈگری حاصل کی اور 47 طلباء نے کمیونیکیشن اینڈ ڈیزائن میں بی اے (آنرز) ڈگری لی۔
اس موقع پر یونیورسٹی کا اعلیٰ ترین یوحسن ایوارڈ، سوشل ڈیولپمنٹ اینڈ پالیسی کے مضمون میں گریجویشن کرنے والے محمد اشعر خان کو پیش کیا گیا۔
یوحسن ایوارڈ اعلیٰ تعلیمی کامیابی کے حامل گریجویشن مکمل کرنے والے طالب علم کو دیا جاتا ہے جس نے خدمت، زیادہ لگن کے ساتھ اور نصاب سے بڑھ کر سرگرمیوں میں نمایاں شراکت کے ذریعہ یوحسن کے اصول اختیار کیے ہوں جبکہ چانسلر میڈل ایوارڈ کے لیے قائم مقام نائب صدر اکیڈمک افئیرز اینڈ ڈین آف فیکلٹی ڈاکٹر عامر حسن حقدار قرار پائے۔
Comments are closed.