بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حافظ نعیم کی سلمان حیدر اور امتیاز پالاری کے ڈرائیور کے قتل کی مذمت

امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی میں مسجد خیر العمل فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری سلمان حیدر اور نوری آباد میں جماعتِ اسلامی یوتھ سندھ کے نائب صدر امتیاز پالاری کے ڈرائیور کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم سلمان حیدر اور امتیاز پالاری کے ڈرائیور کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

’’سلمان حیدر کا قتل فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی سازش ہے‘‘

جماعتِ اسلامی یوتھ سندھ کے نائب صدر امتیاز پالاری کی گاڑی پر نامعلوم ملزمان نے نوری آباد میں قاتلانہ حملہ کیا ہے جس سے ان کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سلمان حیدر کا قتل بے امنی پھیلانے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ سندھ حکومت اور محکمۂ پولیس شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہو گئے ہیں، سلمان حیدر اور امتیاز پالاری کے ڈرائیور کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ سلمان حیدر اور امتیاز پالاری پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

دوسری جانب امتیاز پالاری پر قاتلانہ حملے کے خلاف آج دوپہر 3 بجے حیدرآباد پریس کلب پر مظاہرہ ہو گا۔

واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی یوتھ سندھ کے نائب صدر امتیاز پالاری کی گاڑی پر نامعلوم ملزمان نے نوری آباد میں قاتلانہ حملہ کیا ہے جس سے ان کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔

جماعتِ اسلامی کے رہنما امتیاز پالاری کراچی سے نوری آباد اپنے گاؤں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ نوری آباد میں ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔

حملے کے نتیجے میں ان کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ وہ خود محفوظ رہے، مقتول ڈرائیور کی شناخت 45 سالہ محمد علی بلوچ ولد شیمل بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول سلمان حیدر مسجد خیر العمل فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری تھے، قتل کی تفتیش جاری ہے۔

ادھر کراچی کے علاقے انچولی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے مسجدِ خیر العمل فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری سلمان حیدر کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق سلمان حیدر انچولی میں واقع اپنے گھر کے باہر گاڑی سے اترے تو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.