پیپلز پارٹی کے رہنما، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن اپنے گھر کے میئر بن سکتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی کے باہر احتجاج کیا 80، 100 سے زیادہ لوگ نہیں ہوتے تھے، کراچی والے جس کو چاہیں منتخب کریں، انتخاب لڑنے والے قانون دیکھ کر انتخاب لڑ رہے ہیں، اگر یہ یوسی کے چیئرمین بھی بنے تو اختیارات کا رونا روئیں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ہمارے کئی امیدوار حیدرآباد میں بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، پی ٹی آئی الزام تراشی کی سیاست ختم کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کے لیے تیار تھے آپ کے لیڈر کی طرح اسکائپ پر خطاب نہیں کرتے، انتخابات ملتوی ہونے کا فائدہ پی ٹی آئی لینے کی کوشش کر رہی ہے، انہیں لگتا ہے کہ پنجاب کے الیکشن کی طرح سندھ میں کچھ سیٹیں نکال لیں گے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو گزشتہ تمام انتخابات میں سندھ کے عوام نے مسترد کیا ہے، جب یہ الیکشن جیتتے ہیں تو الیکشن کمیشن اچھا ہوتا ہے، جب مقصد پورا نہ ہو تو الزام تراشی شروع کر دیتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات اتوار کو ہونے چاہئیں، سپریم کورٹ نے ہمیں بلدیاتی قانون بنانے کا کبھی نہیں کہا۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ شادمان نالے کا واقعہ افسوس ناک ہے، بہت سے لوگ اس پر سیاست کر رہے ہیں، ہمیں الزامات سے نکلنے کی ضرورت ہے، شادمان روڈ پر ترقیاتی کام جاری تھا، ہمیں اس فیملی سے ہمدردی ہے۔
Comments are closed.