امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت میں جماعت اسلامی اپنی جگہ بنائے گی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر کاغذات جمع کروائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج میرے این اے 250 سے کاغذات درست قرار دے دیے گئے ہیں، جماعت اسلامی بھرپور طریقے سے الیکشن مہم چلائے گی، عوام کی طرف سے پورے ملک میں ہمیں بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہماری دو نسلوں کو برباد کیا گیا، کرپشن مافیا اس وقت پورے عروج پر ہے، مینڈیٹ کراچی کے لوگوں کے بجائے چند لوگوں پر لگتے رہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ نوجوانوں کو کچھ نہ ملا، آج پوری لیڈر شپ لاڑکانہ گئی ہے، قمبر شہداد کوٹ کے محلوں میں جائیں انہیں پتہ چل جائے گا ان کی کوئی حیثیت نہیں رہی، پہلے کراچی والوں کے پاس کوئی متبادل موجود نہیں تھا اب موجود ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت سندھ کے تحت فری آئی ٹی پروگرام شروع کریں گے، ہمارے نوجوانوں میں بہت قابلیت ہے، نوجوان آنے والے سالوں میں 25 ملین ڈالر تک پاکستان کا ایکسپورٹ پہنچائیں گے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے سب سے پہلے پارٹی منشور پیش کیا، نعمت اللّٰہ صاحب نے کام کیا شہر کی حالت بہتر ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کی شکل کراچی والوں نے 2018ء میں دیکھی تھی، سننا سنانا بہت ہو گیا، پیپلز پارٹی کے بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے، سندھ کے عوام کو جاگیردار چوس رہے ہیں، اب کراچی یہ دھوکا نہیں کھائے گا۔
Comments are closed.