حافظ آباد کی سیشن کورٹ میں پولیس کی حراست میں ہتھکڑیاں لگے پیشی پر آئے 5 افراد پر مخالفین نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزمان اسلحے سمیت کمرۂ عدالت میں کیسے پہنچے اس بات پر ڈی پی او حافظ آباد نے غفلت اور لاپروائی میں ملوث پولیس اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق حافظ آباد کے نواحی علاقے ونی میں 2 برادریوں میں دیرینہ دشمنی چلی آ رہی ہے۔
آج سیشن کورٹ میں دونوں برادری کے لوگ پیشی بھگتنے آئے تھے کہ دورانِ پیشی جٹ برادری کے افراد نے شاہد گونگا برادری کے 5 افراد جو کہ پولیس حراست میں تھے اور ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھی ان پر عدالت کے اندر ہی فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے، فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ادھر جوڈیشل کمپلیکس کے گیٹ سے لے کر سیشن جج کی عدالت تک پولیس اہل کار سیکیورٹی پر مامور تھے، لیکن کسی بھی پولیس اہل کار نے فائرنگ کرنے والوں کو چیک ہی نہیں کیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ غفلت اور لاپروائی کے ذمے دار پولیس اہل کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.