جی ٹوئنٹی: یوکرین کی جنگ، انڈیا کے عزائم کی راہ میں حائل
انڈیا حالیہ برسوں میں خود کو ترقی پذیرممالک کی صف اول کی آواز کے طور پر پیش کر رہا ہے جسے گلوبل ساؤتھ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اب جی 20 کے صدر کی حیثیت سے اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے دہلی کے پاس اس سے بڑا موقع نہیں ہو سکتا۔
دنیا کے 19 امیر ترین ممالک اور یورپی یونین عالمی اقتصادی پیداوار کا 85 فیصد اور اس کی آبادی کا دو تہائی حصہ رکھتے ہیں۔
لیکن جب اس کے وزرائے خارجہ دہلی میں ملاقات کریں گے تو انڈیا جس وسیع تر معاہدے پر عمل درآمد کی امید رکھتا ہے وہ بڑی حد تک ایک اہم عنصر پر منحصر ہوگا اور وہ ہے یوکرین کی جنگ۔
گزشتہ موسم خزاں میں جب انڈونیشیا کی صدارت میں انڈونیشیا کے دارالحکومت بالی میں جی 20 کے رہنما جمع ہوئے تو روسی میزائلوں نے یوکرین کے بنیادی ڈھانچے کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا جس وقت عالمی رہنما عشائیہ کے لیے بیٹھے تھے۔ مشترکہ اعلامیے میں واضح طور پر اختلافات ظاہر کیے گئے اور بھارت، چین اور روس نے مبینہ طور پر حملے پر واضح تنقید کرنے پر اتفاق نہیں کیا۔
اس کے بعد سے زیادہ کچھ نہیں بدلا ہے۔ جنگ جاری ہے اور امن مذاکرات کا کوئی اشارہ نہیں ہے، دنیا اب بھی منقسم ہے، اگر زیادہ نہیں، اور بہت سی بڑی معیشتیں اب بھی افراتفری کا شکار ہیں۔
اس پس منظر کو دیکھتے ہوئے یہ کوئی تعجب کی بات نہیں تھی جب جی 20 کے وزرائے خزانہ گزشتہ ہفتے بنگلور (بنگلورو) میں اپنے اجلاس کے بعد اختتامی بیان پر اتفاق کرنے میں ناکام رہے۔ ماسکو اور بیجنگ دونوں نے ایک اختتامی بیان کے کچھ حصوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا جس میں روس کی جارحیت کی "سخت ترین الفاظ” میں مذمت کی گئی تھی۔
یہ انڈیا پر چھوڑ دیا گیا تھا کہ وہ اس اجلاس کا خلاصہ جاری کرے جس میں گروپ کے اندر یوکرین کی صورتحال پر مختلف آرا سامنے آئیں تھیں۔ بدھ اور جمعرات کو وزرائے خارجہ کی بات چیت کو بھی اسی طرح کی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا جی 20 کی صدارت کے بارے میں بہت سنجیدہ ہے۔ لہذا یہ اس میٹنگ کو ایک کامیاب اجلاس بنانے کی کوشش کرنے کے لیے تمام ان چیزوں سے گریز کرے گا جس سے اختلافات سامنے آئیں۔ ولسن سینٹر تھنک ٹینک کے ڈپٹی ڈائریکٹر مائیکل کوگلمین کہتے ہیں کہ یوکرین کا مسئلہ ہر چیز پر حاوی رہے گا۔
بھارت ان مسائل پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہے جنہیں وہ ترقی پذیر دنیا کے لیے زیادہ ضروری سمجھتا ہے۔ اس نے موسمیاتی تبدیلی، ترقی پذیر ممالک پر قرضوں کا بڑھتا ہوا بوجھ، ڈیجیٹل تبدیلی، بڑھتی ہوئی افراط زر اور خوراک اور توانائی کے تحفظ کو ایجنڈے میں شامل کیا ہے۔
بہت سی معیشتیں اب بھی وبائی مرض سے نکلنے کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں اور جنگ کی وجہ سے بڑھتی ہوئی قیمتوں نے حالات کو بدتر بنا دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دہلی کو کسی نہ کسی طرح اس گروپ کو یوکرین سے آگے دیکھنے پر مجبور کرنے کے لیے دانشمندانہ سفارت کاری کی ضرورت ہو گی لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ ان معاملات پر اتفاق رائے قائم کیا جا سکتا ہے جنہیں آسان اہداف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔
اس لحاظ سے دہلی کو امید ہے کہ وہ اس ہفتے ہونے والی بات چیت کو ستمبر میں ہونے والے رہنماؤں کے سربراہ اجلاس سے پہلے زمین ہموار کرنے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔
سابق بھارتی سفیر اور اب او پی جندال گلوبل یونیورسٹی کے پروفیسر جتیندر ناتھ مشرا کہتے ہیں کہ ‘بھارت ایک بے ضرر سا بیان دینے کی کوشش کرے گا جو کسی کو بھی مکمل طور پر مطمئن بھی نہیں کرے گا، لیکن جس پر کوئی اعتراض نہ کر سکے۔ لیکن یہ آسان نہیں ہوگا، کیونکہ یوکرین کی جنگ کے دونوں اطراف کے ممالک نے گزشتہ چند مہینوں میں صرف اپنے موقف کو سخت کیا ہے۔
صدر پوتن اور وزیر اعظم مودی کے درمیان اچھے ذاتی تعلقات ہیں۔
انڈیا کے اپنے موقف پر بھی تنقید ہوئی ہے اور ناپسندیدگی کا اظہار بھی ہوا ہے۔ اس نے روس پر براہ راست تنقید کرنے سے گریز کیا ہے، جس کے ساتھ اس کے دیرینہ تعلقات ہیں ، جبکہ روسی تیل کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ دہلی کا غیر وابستہ رویہ شروع میں مغربی طاقتوں کو اچھا نہیں لگتا تھا لیکن ایسا لگتا ہے کہ اب اس پر مغربی ممالک نے سمجھوتہ کر لیا ہے۔
انڈیا نے روس پر براہ راست تنقید نہیں کی ہے لیکن اس نے یوکرین کے بارے میں اپنے ماضی کے بیانات میں ’اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام‘ کی اہمیت کے بارے میں بات کی ہے۔
گزشتہ موسم خزاں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو روس کی بالواسطہ تنقید کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ نریندر مودی نے ازبکستان میں صدر پوتن کی موجودگی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دور جنگ کا نہیں ہے۔
مسٹر کوگلمین کا خیال ہے کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ انڈیا جی 20 مذاکرات میں روس کے خلاف اپنا موقف سخت کرنے کے لیے دباؤ میں آئے گا۔ لیکن وہ گروپ میں دیگر اختلافات کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو انڈیا کے عزائم کو پٹری سے اتار سکتے ہیں۔
انڈیا کے چین کے ساتھ تعلقات ان کی متنازع سرحد پر کشیدگی کی وجہ سے سرد مہری کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘جاسوسی کے غبارے’ کے تنازع نے بیجنگ اور واشنگٹن کے تعلقات کو مزید کشیدہ کر دیا ہے اور مغرب اور روس کے درمیان تعلقات ‘پہلے کی طرح خراب’ ہیں۔
جب مخالف فریقوں کے اعلی سفارت کار دہلی میں ملیں گے تو ماحول کشیدہ ہونے والا ہے۔ لہذا ماہرین کا کہنا ہے کہ مسٹر مودی اور ان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو مذاکرات کے نتائج پر اثر انداز ہونے والی دشمنیوں سے بچنے کے لیے اپنے تمام ذاتی تعلقات اور سفارتی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کی ضرورت ہوگی۔
مسٹر کوگلمین کہتے ہیں کہ ‘دہلی کو حریف تعلقات کو متوازن کرنے کی اپنی صلاحیت پر فخر ہے لیکن اس گروپ کے اندر تلخی اور جغرافیائی سیاسی تناؤ کی وسعت اور پیمانے کو دیکھتے ہوئے اسے مزید محنت کرنی پڑے گی۔ لیکن انڈیا نے پہلے بھی ثابت کیا ہے کہ وہ مختلف جغرافیائی سیاسی حریفوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دہلی پر مقامی سطح پر بھی نتائج دینے کا دباؤ ہوگا کیونکہ اس نے مودی کی قیادت میں "جمہوریتوں کی ماں” میں ہونے والے جی 20 سربراہ اجلاس کو فروغ دینے میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔ وہ یہ دکھانا چاہیں گے کہ وہ دنیا میں انڈیا کی پوزیشن کو مضبوط بنانے میں کامیاب رہے ہیں، خاص طور پر اگلے سال کے عام انتخابات کے لئے انتخابی مہم کے دوران۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا ہر ممکن طریقے سے کوشش کر رہا ہے کہ وہ ملک بھر میں جلسے کر سکے تاکہ گھر کے لوگوں کو جی 20 کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔ یہ سب بہت اچھا ہے، لیکن اس سے بنیادی تزویراتی مخمصے کا حل نہیں ہوگا جس کا انڈیا کو اس وقت سامنا ہے کہ جنگ کو اپنے عزائم میں خلل نہ پڑنے دیا جائے۔
مسٹر کوگلمین کا کہنا ہے کہ انڈیا خود کو ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان ایک پل کے طور پر دیکھتا ہے اور وہ جی 20 کی صدارت کو ‘درمیانی طاقت’ کا کردار ادا کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
اب ہمارے پاس ایک ایسا رہنما ہے جو انہیں ایک عالمی رہنما کے طور پر نقشے پر واپس لا سکتا ہے، اور وہ جی 20 کو اس سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لیکن ان کا کہنا ہے کہ انڈیا ان چلینجوں کا سامنا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ "دیکھتے ہیں کہ ان نام اختلافی مسائل کو ان چیزوں سے کیسے الگ کرتا ہے جہاں ٹھوس معاہدے مل سکتے ہیں؟”
Comments are closed.