جی ایس پی پلس اسکیم میں توسیع سے متعلق یورپی یونین کا مانیٹرنگ مشن 10 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا۔ یہ مشن پاکستان کی طرف سے انسانی حقوق، چائلڈ لیبر کا خاتمہ، لیبر رائٹس سمیت دیگر کنونشنز پر عمل درآمد کا جائزہ لے گا۔
وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسکیم میں توسیع کے حوالے سے پُرامید ہے۔
وزارت تجارت کے حکام کے مطابق مانیٹرنگ مشن 10 روزہ دورے پر پاکستان آیا ہے، اس دوران وہ پاکستان کی جانب سے 27 کنونشنز پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ لے گا اور مختلف حکام سے ملاقات بھی کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سال 2020 اور 2021 کی کارگردگی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد یکم جنوری 2024 سے مزید توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔
وزارتِ تجارت کے حکام کے مطابق پاکستان نے جی ایس پی پلس کے کنونشنز پر بھرپور عملدرآمد کیا ہے اور جی ایس پی پلس اسکیم میں توسیع کے حوالے سے پُرامید ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی جاری جی ایس پی پلس کی میعاد 31 دسمبر 2023 کو ختم ہوگی۔ جی ایس پی پلس اسکیم کا درجہ ملنے سے پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
Comments are closed.