ہفتہ 4؍شعبان المعظم 1444ھ25؍فروری 2023ء

جیل بھرو تحریک ’ضمانت دو تحریک‘ میں تبدیل ہوچکی ہے، شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ صرف تین دن جیل بھرو تحریک ’ضمانت دو تحریک‘ میں تبدیل ہو چکی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک سوشل میڈیا اور بیانات تک ہی محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہر سے 200 افراد گرفتاری دینے کا دعویٰ کیا گیا، لیکن تین دن کے بعد ملک سے 200 افراد نے بھی گرفتاری نہیں دی، فوٹو سیشن اور عمران خان کی خوشنودی کے لیے گرفتاری دینے والے ضمانتوں کی درخواستیں دے رہے ہیں۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایک بھی شخص نے گرفتاری نہیں دی، خیبرپختونخوا کے لوگوں نے گرفتاری نہ دے کر عمران خان کی ذاتی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان من گھڑت اور جھوٹے بیانیے بنا کر لوگوں کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے استعمال نہیں کر سکتے، لوگ باشعور ہیں، وہ آپ کے بیانیوں اور یوٹرن سے تنگ آ چکے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کا آپ پر عدم اعتماد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے وہ انتشار اور بےامنی نہیں بلکہ سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.