جہانگیر ترین نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار حمزہ شہباز کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
جہانگیر ترین کی مسلم لیگ ن کے رہ نما اسحٰق ڈار سے لندن میں طویل ملاقات ہوئی ہے جس میں ملکی سیاست کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور مستقبل کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ن لیگ کے سینئر رہنما اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ جہانگیز ترین سے بات چیت کا آخری راؤنڈ نتیجہ خیز رہا۔ اس بات پر اتفاق کرلیا گیا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹ کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کرنے پر ہم جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کی شکر گزار ہیں۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ کے رکن عون چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے 16 ایم پی ایز متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کو سپورٹ کریں گے۔
خیال رہے کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ق کے مونس الہٰی کی ترین گروپ سے 4 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا، مذاکرات کا اگلا راؤنڈ آج دوپہر کو ہوگا۔
اس حوالے سے مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔
ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران مسلسل جہانگیر ترین سے رابطہ رہا۔
Comments are closed.