بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جہانگیر ترین سے رابطے کرنیوالے ارکانِ اسمبلی کی لسٹ تیار

جہانگیر ترین سے رابطے کرنے والے ارکانِ اسمبلی کی لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے جہانگیر ترین کے حمایتی ارکانِ اسمبلی کی فہرستیں تیار کر لی ہیں۔

جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ میری پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے راہیں جدا نہیں ہوئی ہیں، پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہوں اور شامل رہوں گا، کون لوگ ہیں جنہوں نے مجھے خان صاحب سے دور کر دیا ہے؟

ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین سے رابطے کرنے والے اراکینِ اسمبلی کا فیصلہ وزیرِ اعظم عمران خان کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اس ضمن میں آج اسلام آباد میں وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

آج لاہور کی بینکنگ کورٹ میں شوگر ملز میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے کیس میں ضمانت میں توسیع کے لیے پہنچنے والے جہانگیر ترین کے ہمراہ پاکستان تحریکِ انصاف کے مختلف رہنما بھی تھے جو جہانگیر ترین کی رہائش گاہ سے ہی ان کے ساتھ وہاں پہنچے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار اسلام آباد میں مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے وزراء اور اراکینِ اسمبلی کی ایک بڑی تعداد جہانگیر ترین سے رابطے میں ہے۔

بینکنگ کورٹ میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی آج پیشی سے قبل ان کے گھر پر بیٹھک ہوئی جہاں پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے ایم این اے غلام احمد لالی، غلام بی بی بھروانہ، راجہ ریاض، صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، ایم پی اے زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا، چوہدری افتخار گوندل، غلام رسول سنگھا، سلمان نعیم، ٹکٹ ہولڈر سجاد وڑائچ، مشیر وزِیرِاعلیٰ پنجاب عبدالحئی دستی، امیر محمد خان اور خرم لغاری نے جہانگیر ترین کو اپنی حمایت کا یقین دلایا اور ان سے اظہارِ یک جہتی کیا۔

ان میں سے کچھ رہنماء و اراکینِ اسمبلی جہانگیر ترین سے اظہارِ یک جہتی کرتے ہوئے ان کے ہمراہ عدالت بھی گئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.