اس شخص نے یہ حرکت اس وقت کی جب گوئٹے مالا سٹی جانے والا طیارہ ایئر کنڈیشننگ یا مسافروں کے لیے پانی کے بغیر کئی گھنٹے تک ائیرپورٹ پر موجود جہازوں کے راستے پر پھنسا رہا۔میکسیکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مسافر کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جہاز کے دیگر مسافروں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اس شخص کو سب کی حمایت حاصل ہے۔یہ واقعہ گذشتہ جمعرات کو تقریباً 11:30 بجے پیش آیا تھا، جب میکسیکو سٹی سے ایرومیکسیکو کے لیے پرواز تقریباً تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔واقعے سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تاخیر ہوائی اڈے پر ہونے والے مینٹیننس کے کام کی وجہ سے ہوئی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ نامعلوم مسافر کے اس اقدام کے بعد طیارے کی تبدیلی ضروری ہو گئی تھی۔ یہ واضح نہیں کہ آیا یہ شخص اب بھی حراست میں ہے یا نہیں یا اسے کن الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم مسافروں نے اس واقعے کو مختلف انداز میں دیکھا۔ساتھی مسافروں کی جانب سے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ہنگامی دروازہ کھولنے والے مسافر نے یہ عمل سب کی حفاظت کے لیے اور سب کی حمایت کے ساتھ کیا کیونکہ تاخیر اور ہوا کی کمی نے مسافروں کی صحت کے لیے خطرناک حالات پیدا کیے تھے۔‘انھوں نے لکھا کہ ’اس نے ہماری زندگیاں بچائیں‘ اور سوشل میڈیا پر تقسیم کیے گئے اس نوٹ میں ان کے نام اور دستخط بھی شامل کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ مسافروں کے لیے جہاز کے دروازے کھولنا منع ہے کیونکہ یہ عمل دیگر مسافروں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.