اتوار 9؍جمادی الاول 1444ھ 4؍دسمبر 2022ء

جو کہتے ہیں ملک نہیں چل رہا وہ بتائیں انہوں نے کیا کیا؟ سعد رفیق

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ جو آج کہتے ہیں ملک نہیں چل رہا وہ خود بتائیں انہوں نے ملک کے ساتھ کیا کیا؟ آپ دو صوبوں کی حکومت تو چلا کر دکھائیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو  میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ انہیں کس چیز کی جلدی ہے؟ انہوں نے کون سی آگ بجھانی ہے؟ انہوں نے تو ابھی دیکھا ہی کچھ نہیں، ہم نے بہت بھگتا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے، عمران خان کو معلوم ہے کہ اگر وہ اسمبلیاں توڑ دیں گے تو صرف دو صوبوں میں ہی الیکشن ہوں گے ۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ان کے بقول ہماری حکومت تو صرف 27 کلو میٹر پر مشتمل ہے، عوام جس کی کارکردگی دیکھیں گے اسے ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسٹینشن دینا غلطی تھی تو دوبارہ ایکسٹینشن دینے کی پیشکش کیوں کی؟ نیب کے کالے قوانین نے ملکی معیشت کا ستیاناس کر دیا تھا، احتساب کا نیا نظام آنا چاہیے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی 46 کوچز پاکستان آئیں گی، منصوبےکی تکمیل میں تاخیر کے باعث لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، باقی کوچز ریلوے کی کیرج فیکٹری میں بنیں گی، ریلوے انجنوں کےلیے چینی اور امریکی کمپنیوں سے بات ہوئی تھی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کے وسائل بڑھانے کےلیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، پچھلے 4 سال میں ریلوے کےلیے کچھ نہیں کیا گیا،محکمے کے پاس پیسے نہیں ہیں، بہت مشکل حالات ہیں، بدقسمتی سے ریلوے انجن آج بھی ہم درآمد کرنے پر مجبور ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.