مسلم لیگ نون کے رہنما، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ کل پی ٹی آئی کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہوا، عمران نیازی کو پتہ نہیں چلتا جو پرچی پر لکھا آتا ہے، بول دیتے ہیں۔
لاہور کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 22 ماہ اکاؤنٹس منجمد ہونے کے بعد برطانیہ نے شہباز شریف کو کلین چٹ دی، عمران نیازی توشہ خانے کا حساب اور فارن فنڈنگ کا جواب دیں، گزشتہ 4 سال میں کرپشن کا انڈیکس 16 پوائنٹ اوپر چلا گیا، حکومت نے غریب کو بھوکا مار دیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ حکمراں کرپشن اور مہنگائی کا جواب نہیں دیتے، ان کے جھوٹ سے کھاد اور چینی نہیں ملتی، بنی گالہ سے اتریں اور جواب دیں ورنہ قوم آپ کا احتساب کرے گی، آپ نے قوم سے نوکریاں دینے اور گھر بنانے سے متعلق جھوٹ بولا۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نے اسکروٹنی کمیٹی اور ٹی بوائز کے نام پر پیسے منگوائے اس کا حساب دیں، ایٹمی قوت کو آئی ایم ایف کی زنجیروں میں جکڑ دیا گیا ہے، حساب دینا ہو گا، 72 سالہ تاریخ میں ایسے سنگین حالات کبھی نہیں ہوئے، عمران نیازی آپ کو اب قوم کو حساب دینا پڑے گا۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس شخص کو آئینی طریقے سے ہٹانا قومی فرض بن چکا ہے، قوم سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہی ہے، کورونا وائرس کی وباء عروج پر ہے، مارکٰیٹ سے بخار کی دوا غائب ہے، سیاسی جماعتیں فیصلہ کریں گی کہ پہلے تحریکِ عدم اعتماد صوبے میں لائیں یا مرکز میں۔
حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ چوہدری برادران، ایم کیو ایم یا بلوچستان کی سیاسی جماعتیں ہوں سب سے رابطہ ہونا چاہیے، اکیلی سیاسی جماعت ان مسائل کا سامنا نہیں کر سکتی، ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران نیازی کی چھٹی ہونی ہے۔
Comments are closed.