جمعرات 15؍رمضان المبارک 1444ھ 6؍اپریل 2023ء

جو قانون کسی اور کیلئے بنائیں خود پر بھی لاگو کریں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جو قانون کسی اور کیلئے بنائیں اپنے اوپر بھی لاگو کریں۔

لائرز کمپلیکس اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 ججوں کا بینچ بنا جو 3 ججز پر رہ گیا، فل کورٹ کا مطالبہ مان لیا جاتا تو کون اس کے فیصلے سے اختلاف کرتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں حکم دیا جاتا ہے وزیراعظم اکیلا کچھ نہیں کابینہ ہے، جنہوں نے یہ حکم دیا وہ اپنے اوپر کیوں لاگو نہیں کیا، نظریہ ضرورت نے پاکستان کو کہاں پہنچا دیا ہے؟ ججز اور عدلیہ کا ہم سب کو احترام کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت الیکشن سے نہیں بھاگ سکتی، جو پارٹی الیکشن سے بھاگے گی اس کی سیاست اسی دن دفن ہوجائے گی، قانون کو بڑی ڈھٹائی سے ری رائٹ کیا گیا، ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جن ججز نے معذرت کی ان کو اس فل کورٹ میں نہ بٹھائیں، ٹھنڈے دل کے ساتھ سوچیں وہ فیصلہ کریں جو ملک کیلئے بہتر ہو۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء کا تعلق قانون کی حکمرانی کیلئے قربانیاں دینے والے طبقے سے ہے، وکلاء نے جو مقام حاصل کیا وہ پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیا گیا، آپ نے عدلیہ کی بحالی کیلئے ڈنڈے کھائے، گولیاں کھائیں، وکلاء نے عدلیہ کی بحالی کیلئے قربانیاں دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ لائرز کمپلیکس میں اسپورٹس کمپلیکس بھی بنایا جائے، اسپورٹس کمپلیکس نہیں ہوگا تو لائرز کمپلیکس بھی نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ لائرز کمپلیکس کی تعمیر پر 1 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی، منصوبے کیلئے رقم کہاں سے آئے گی، میں آپ کو کان میں بتا دوں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.