جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی پیشی پر ہنگامہ آرائی کے دوران نقصانات کی تفصیلی رپورٹ سامنے آگئی۔
جوڈیشل کمپلیس میں عمران خان کی پیشی پر ہنگامہ آرائی کے معاملے اور عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی اسسٹنٹ کمشنر کی درخواست پر کیس میں اسلام آباد پولیس نے نقصانات کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروادی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے صورتحال خوفناک تھی، عمران خان کی پیشی کے وقت پولیس فورس پر حملہ کیا گیا، جوڈیشل کمپلیس میں تعینات 34 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ایف سی کے 3 جوان شدید زخمی ہوئے۔
اسلام آباد پولیس کی 2 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں جلائی گئیں، 7 پرائیویٹ موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی گئی، پولیس کی 21 گاڑیوں کو برے طریقے سے نقصان پہنچا، گاڑیوں کو نقصان کی مد میں 60 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جوڈیشل کمپلیکس کی کھڑکیوں اور فرنیچر کو نقصان پہنچایا گیا، تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، 355 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 245 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے بھیجا گیا، 68 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کارکنوں کو عدالتی احاطہ پر حملہ کرنے کے لیے اکسایا گیا، عمران خان کارکنوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہے، کیسز کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔
Comments are closed.