اتوار 23؍صفر المظفر 1445ھ10؍ستمبر 2023ء

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ: پرویز الہٰی کے مزید 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے مزید 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پرویز الہٰی کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین رخصت کے بعد آج واپس آئے ہیں، اس موقع پر پرویز الہٰی کے وکیل علی بخاری نے ان سے دریافت کیا کہ آپ کے آنے سے پھر سے رونق لگ گئی، آپ کی طبیعت کیسی ہے؟

جج ابوالحسنات نے جواب دیا کہ طبیعت بہت بہتر ہے، آپ تشریف رکھیں۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راجہ نوید نے پرویز الہٰی کے مزید 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔

وکیلِ صفائی سردار عبدالرازق نے کہا کہ اس سے قبل پرویز الہٰی کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ ڈیوٹی جج نے دیا تھا۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ہدایت کی کہ پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی دستاویزات جمع کروا دیں۔

وکیلِ صفائی سردار عبدالرازق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی کا نام جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں 2 روز قبل نامزد ہوا ہے،ان کے خلاف متعدد سیاسی کیسز بنائے گئے ہیں، پرویز الہٰی کو لاہور سے اغواء کر کے اسلام آباد لایا گیا اور گرفتار کیا گیا، پرویز الہٰی اپریل 2023ء میں پی ٹی آئی کا حصہ بنے، وہ پہلے پی ٹی آئی کا حصہ نہیں تھے، جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کا مقدمہ مارچ میں درج ہوا، ہائی کورٹ نے کہا کہ پرویز الہٰی کے خلاف سیاسی کیس بنایا گیا، اسے ڈسچارج کیا جائے، مگر پرویز الہٰی کو ڈسچارج کرنے کی بجائے انہیں گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں نامزد کر دیا گیا، گوجرانوالہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے بھی کہا کہ کیس کچھ نہیں، انہیں ڈسچارج کیا جاتا ہے۔

دلائل میں وکیلِ صفائی نے مزید کہا کہ ، نیب نے بھی پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کیا، لاہور ہائی کورٹ نے اس بات کو سمجھا کہ پرویز الہٰی کے بنیادی حقوق کو پامال کیا جا رہا، عدالتی فیصلے نہ مانےجائیں تو عدالت کا اختیار ہے کہ فیصلوں کے تحفظ کے لیے ڈائریکشن دے، عدالتی فیصلہ نہ ماننے پر ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا کہ کوئی ادارہ پرویز الہٰی کو گرفتار نہ کرے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.