جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

جونیئر عالمی ہاکی کپ: اسپین نے پاکستان کو 2-4 سے ہراکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

جونیئر عالمی ہاکی کپ کے کوارٹر فائنل میں اسپین نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

کوالالمپور میں جونیئر عالمی ایونٹ کا آخری کوارٹر فائنل پاکستان اور اسپین کے درمیان ہوا، پاکستان کی جانب سے کھیل کے 12ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے برتری دلائی جو پہلے ہاف کےاختتام تک برقرار رہی

اسپینش ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف کھیل کے تیسرے کوارٹر میں یکے بعد دیگرے چار گول کرکے فتح کو یقینی بنادیا۔

گول کیپر عبدالرافع کا کھیل مایوس کن رہا، پنالٹی کارنر پر وہ دو مرتبہ آسان گیند کو نہیں روک سکے۔

اسپینش ٹیم کی جانب سے تیسرے کوارٹر کے 37ویں، 38ویں، 41ویں اور 45ویں منٹ میں گول اسکور کئے گئے، پاکستان کی جانب سے دوسرا گول پنالٹی کارنر پر 43ویں منٹ میں سفیان خان نے اسکور کیا۔

اسپین کی فتح کے ساتھ ہی جونیئر ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی جہاں جرمنی کا مقابلہ انڈیا سے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل فرانس اور اسپین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان 5ویں تا 8ویں پوزیشن کے میچز کیلئے 14 دسمبر کو آسٹریلیا کے مدمقابل آئے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.