پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ جولائی میں ڈیزل و پیٹرول 300 اور 310 روپے فی لیٹر تک جائے گا، مہنگائی کی وجہ سے صنعت کا پہیہ جام ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ اگلے ماہ بجلی کی قیمت 39 روپے فی یونٹ تک جائے گی، عوام کے لیے انہوں نے ٹائم بم لگا دیا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر چلی جائیں گی۔
عمر ایوب نے کہا کہ بجلی کی قیمت ہماری حکومت 16 روپے فی یونٹ چھوڑ کر گئی تھی، جولائی میں بجلی کی قیمت ٹیکس کے ساتھ 39 یا 40 روپے فی یونٹ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں لوگ ان کو پتھر نہیں ماریں گے تو اور کیا کریں گے؟ ہماری 6 فیصد جی ڈی پی آئی ہے، وزرا ہمارے نمبر کو خوشی خوشی اقتصادی سروے میں اپنا رہے ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ بین الاقوامی بینک نے کہہ دیا ہے کہ 100 فیصد مارجن رکھیں، ایل این جی کے جو چار کارگوز اسپاٹ ٹینڈرنگ سے آتے ہیں وہ نہیں آئیں گے، یہ حکومت کاروباری لوگوں کا بیڑا غرق کرنے جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے ذہن میں ہے کہ 2 ماہ بعد انہوں نے خودکشی کرنی ہے، روپے پر مزید پریشر آئے گا، ان کے ٹارگٹ پورے نہیں ہوں گے، جولائی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگا۔
Comments are closed.