پیر25؍ربیع الثانی 1444ھ21؍نومبر2022ء

جوبائیڈن کی 80ویں سالگرہ پر اہلیہ نے کیا کہا ؟

امریکی صدر جو بائیڈن کی اہلیہ جِل بائیڈن نے 80ویں سالگرہ کے موقع پرجو کو مبارکباد دیتے ہوئے خوبصورت تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

گزشتہ روز صدر جو بائیڈن اپنی 80ویں سالگرہ منا کر امریکی تاریخ کے پہلے صدر بن گئے ہیں جنہوں نے صدارت کے دوران اپنی عمر کی 80ویں بہار دیکھی۔

صدرجو بائیڈن کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر اُن کی اہلیہ جِل بائیڈن نے اُن کے ساتھ رقص کرتے ہوئے خوبصورت تصویروں کے ساتھ محبت بھرا پیغام بھی شیئر کیا ہے۔

امریکی خاتونِ اول جِل بائیڈن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جو کے ساتھ رقص کرتے ہوئے کیپشن میں جذباتی سطور بھی لکھی ہیں۔

جِل کا کہنا ہے کہ میں کسی اور کے ساتھ ڈانس نہیں کرنا چاہتی، سالگرہ مبارک ہو جو! میں تم سے پیار کرتی ہوں۔

جِل بائیڈن نے سالگرہ مناتے اور کیک کاٹتے ہوئے کی ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ محبت سے بھرا ایک بہترین سالگرہ کا جشن اور جو کا پسندیدہ ناریل کیک۔

واضح رہے کہ جو امریکا کے 46ویں صدر ہیں، 80 سالہ ہونے کے باوجود توانا اور پھرتیلے نظر آنے والے صدر جو بائیڈن سگریٹ نہیں پیتے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اب بھی جسمانی طور پر متحرک ہیں۔

صدر جو 1988ء میں جان لیوا دماغی انیوریزم کی سرجری کے مرحلے سے بھی گزر چکے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سال قبل جو کا ایک تفصیلی طبی معائنہ بھی کیا جا چکا ہے جس کے بعد امریکی صدر کے معالجین کا کہنا تھا کہ بائیڈن کو چند معمولی بیماریاں ہیں جبکہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ جوبائیڈن اپنی صدارتی ذمہ داریاں نبھانے کے قابل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.