پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ جن نشستوں پر عمران خان جیتے ہیں،وہاں 60 روز میں دوبارہ الیکشن ہونے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ میانوالی کی نشست سے عمران خان کا استعفیٰ قبول نہیں ہوا، عمران خان نے پاکستان کے انتخابی عمل اور حلقے کے لوگوں کے ووٹ کو بھی تماشا بنایا۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ جو سیٹ 2018 میں ہم سے چھینی گئی وہ گزشتہ روز واپس مل گئی، این اے 239 میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، ہم نے الیکشن مہم تاخیر سے شروع کی، این اے 239 کورنگی میں خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ اور ووٹوں کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہو رہا ہے، پی ٹی آئی کو اظہارِ تشکر کی جگہ اظہارِ افسوس کرنا چاہیے، عمران خان کو سوچنا چاہیے کہ ان کے کھڑے ہونے کے باوجود کراچی سے ان کے ووٹوں میں کمی کیوں آئی۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ معیشت کو تباہ کرنے کا ہے، اداروں کو متنازع کرنے کا ہے، عمران خان اسمبلی میں لوگوں کی نمائندگی نہیں کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر الیکشن میں دھاندلی کا نشانہ بنی، جس پولنگ اسٹیشن پر دھاندلی کا کہا جارہا ہے وہ ہمارا گڑھ ہے، بےوقوف ہو گا جو اپنے جیتنے والے پولنگ اسٹیشن پر دھاندلی کرے گا، پہلے بھی کوئی وزیرِ اعظم اپنی مدت پوری نہیں کر سکا، عمران خان بھی اگر مدت پوری نہیں کر سکے تو کوئی بات نہیں۔
Comments are closed.