پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے بیٹے جنید صفدر کی لندن سے تازہ ویڈیو منظرِ پر آ گئی ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر پی ایم ایل این کے سوشل میڈیا ٹیم کے صدر کی جانب سے شیئر کی گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنید صفدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایون فیلڈ سے باہر نکل رہے ہیں، اس ویڈیو میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو کے کیپشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ محمد جنید صفدر کی آج کی تازہ ترین ویڈیو ہے۔
یاد رہے کہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر سے متعلق ایک جھوٹی خبر زیرِ گردش تھی جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ جعلی ڈگری حاصل کرنے پر لندن میں مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس خبر کی گزشتہ روز تردید سامنے آئی تھی۔
مریم نواز شریف کے سیاسی سیکریٹری ذیشان ملک کی جانب سے سوشل میڈیا پر جنید صفدر کی گرفتاری سے متعلق زیرِ گردش جھوٹی خبروں پر ردِ عمل دیا گیا تھا۔
ذیشان ملک نے جھوٹے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ صحافت کا لبادہ اوڑھے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے، تحریک انصاف اور اس کے حامیوں کے پاس نہ پہلے کوئی ایجنڈا تھا اور نہ اب ہے، یہی وجہ ہے کہ من گھڑت خبریں پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنا ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔
Comments are closed.