ملک میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور مسائل سے دنیا بھر کو آگاہ کرنے والے جنگ گروپ اور جیو نیوز کے ملازمین بھی برساتی پانی اور سیوریج سے مشکلات کا شکار ہیں۔
کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر جیو نیوز کی مرکزی عمارت کے اطراف کی سڑکوں اور گلیوں پر سیوریج کا پانی جمع ہے۔
اولڈ سٹی ایریا سے جنگ اور جیو نیوز کے دفتر آنے والے محمد بن قاسم روڈ پر گزشتہ دو ہفتے سے ایک فٹ تک پانی جمع ہے۔ برساتی پانی اور سیوریج کی وجہ سے محمد بن قاسم روڈ پر پارکنگ نہیں کی جا سکتی جبکہ محمد بن قاسم روڈ سے گزرنے والے شہریوں اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی دشواری کا سامنا ہے۔
جنگ اور جیو نیوز کی عمارت کے سامنے برنس گارڈن کی آبادی کی معروف ’بیگم گلی‘ کے نام سے فوڈ اسٹریٹ بھی سیوریج سے تعفن زدہ ہوگئی ہے، بدبودار سیوریج کے پاس ہی بیٹھ کر کھانا کھانا سب کی مجبوری بن چکا ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ پر گٹروں سے نکلنے والا سیوریج سڑک کو آلودہ کرتے ہوئے دوسرے گٹروں میں گر رہا ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ پر جمع سیوریج کے پانی میں مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے جبکہ علاقے میں بدبو ایسی کہ پورا علاقہ سیوریج پمپنگ اسٹیشن محسوس ہوتا ہے۔
یہی نہیں اطراف کی گلیوں کے بھی گٹر بند ہیں اور پانی گلیوں میں گھومتا ہوا دوسرے گٹروں کے راستے نکل جاتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں صفائی کا عملہ گٹر کھولنے کے لیے دکانداروں اور علاقہ مکینوں سے پیسے مانگ رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی شاہین کمپلیکس پر 72 انچ قطر کی سیوریج پائپ لائن بیٹھ جانے سے مزید مشکلات کے خدشات منڈلا رہے ہیں۔
Comments are closed.