اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نتین یاہو کا کہنا ہے کہ جنگ کے اگلے مرحلے کا وقت آ پہنچا۔
مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا، اسرائیل کی غزہ پر فضائی اوربحری حملے کے بعد زمینی حملے کی تیاری جاری ہے۔
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ کم از کم محدود مدت کے لیے غزہ پر قبضے کا منصوبہ ہے۔
اسرائیل لبنان سرحد پر کشیدگی کے بعد جنگی حالت کا نفاذ کر دیا گیا۔
لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ شہری لبنانی سرحد کے ساتھ 4 کلومیٹر کے علاقے کے اندر نہ آئیں۔
اسرائیل نے لبنانی سرحد پر جنگی حالت نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے لبنانی سرحد کےساتھ روڈ بند کر دیے ہیں، لبنان سے راکٹ فائر میں ایک اسرائیلی ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیل کی جانب لبنانی سرحد پر فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوجی ترجمان نے جنگ کا دائرہ وسیع کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔
ترجمان ڈینیل ہیگاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جہاں چاہیں گے حملہ کریں گے۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 329 ہو گئی۔
غزہ کے شمال، وسط اور جنوبی علاقوں میں قافلوں، مارکیٹوں اور بندرگاہ پر اسرائیلی فوج نے حملے کیے ہیں، اسرائیل نے غزہ کے شمال میں واقع اسپتال بھی خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں سے مریضوں کی بے دخلی سزائے موت کے مترادف ہے۔
اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی میتیں رکھنے کے لیے اسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑنے لگی۔
عرب میڈیا کے مطابق شہداء کی میتیں آئس کریم ٹرکس اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھی جا رہی ہیں۔
Comments are closed.