جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

جنگ بندی ختم ہوتے ہی اسرائیلی دہشتگردی شروع، بچوں سمیت 109 فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس: حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے تحت  ہونے والی جنگ بندی ختم ہوتے ہی صہیونی فوج نے دہشت گردی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کردیا، جس میں بچوں سمیت 109 فلسطینی شہید ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 24 نومبر سے شروع ہونے والی جنگ بندی کے بعد قابض اسرائیلی فوج نے غزہ پر ایک بار پھر وحشیانہ بمباری کا آغاز کردیا۔ فلسطینی وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر فضائی حملے ایک بار پھر شروع کردیے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق صہیونی فوج کی جاب سے غزہ کے علاوہ خان یونس کے مشرقی علاقوں میں بھی بم باری کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں مغربی غزہ پہلے ہی سے بمباری کا نشانہ بن رہا ہے جب کہ اسرائیلی جاسوس طیاروں کی نچلی سطح پر پروازوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ  میں ایک بار پھر ایک گھر کو اپنے حملے میں نشانہ بنایا ہے جب کہ مختلف علاقوں میں حماس مجاہدین اور فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ شدید جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پر جارحیت میں کم از کم 109 شہریوں کے شہید ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے، جس میں بچے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جنگ بندی سے قبل بھی غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد تقریباً 15 ہزار ہو چکی تھی  جن میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ علاوہ ازیں زخمیوں کی تعدادہزاروں اور تباہی سے بے گھر ہونے والوں کی تعداد  لاکھوں میں ہے۔

دوسری جانب قطر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدہ جاری رکھنے کے سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگ بندی میں توسیع نہ ہونے پر اسرائیل کی جانب سے ایک بار پھر بمباری کردینا انتہائی افسوسناک ہے۔ فریقین میں جنگ  بندی کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

 

اُدھر صہیونی ریاست نے جنگ بندی ختم ہونے کے بعد بمباری اور بڑی تعداد میں فلسطینیوں کی شہادت پر من گھڑت جواز بناتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے معاہدے کے مطابق مزید یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا گیا، جب کہ حماس نے اسرائیل پر راکٹ بھی داغے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے روایتی بددیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعے کی صبح غزہ سے ایک راکٹ فائر کیا گیا تھا۔

 

You might also like

Comments are closed.