سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوری 2024ء کے آخر تک الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں فیصل واوڈا، ن لیگ کے بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا اور سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری نے شرکت کی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے، نواز شریف کو وطن واپس نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے جلسے میں 500 لوگ نہیں تھے تو 5 لاکھ لوگ مینار پاکستان کیسے آئیں گے؟
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جلسے میں 25 ہزار لوگ ہوتے ہیں تو سیاسی جماعتیں کہتی ہیں ڈھائی لاکھ لوگ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طورپر مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤں کا فیصلہ نگراں حکومت کا نہیں۔
محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ الیکشن جنوری یا فروری میں ہوں گے، 10 سے 15 دن اوپر نیچے ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی نااہل ہوئے تھے، 21 اکتوبر کو نواز شریف آ رہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف حفاظتی ضمانت لےکرآئیں گے، ن لیگ کے مینار پاکستان کے جلسے میں 4 سے 5 لاکھ لوگ ہوں گے۔
عابد زبیری نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں وہ مفرور ڈکلیئر ہو چکے ہیں، سزا یافتہ کو حفاظتی ضمانت نہیں ملتی۔
صدر سپریم کورٹ بار نے مزید کہا کہ نواز شریف واپس آئیں گے تو انہیں مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Comments are closed.