جمعہ 23؍رمضان المبارک 1444ھ14؍اپریل 2023ء

جنوبی کوریا کی حکومت کا تنہا نوجوانوں کو 500 ڈالر ماہانہ دینے کا فیصلہ

جنوبی کوریا میں کچھ نوجوان باقی دنیا سے اس قدر کٹ کر جی رہے ہیں کہ حکومت نے ان کو دوبارہ زندگی کے دھارے میں لانے کیلئے 500 ڈالر ماہانہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارت صنفی مساوات نے اعلان کیا ہے کہ وہ تنہا نوجوانوں کو ساڑھے 6 لاکھ کورین وون (500 امریکی ڈالر) ماہانہ دے گی تاکہ نفسیاتی اور ذہنی صحت کی نشونما کیلئے ان کی مدد کی جاسکے۔

وزارت کے مطابق کوریا کے 19 سے 39 سال کی عمر کے 3.1 فیصد افراد تنہائی کا شکار ہیں۔

یہ افراد ایک محدود زندگی جی رہے ہیں، بہت عرصے تک اپنی ارد گرد کے حالات سے بےخبر ہوتے ہیں اور انہیں ایک عام زندگی گزارنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وزارت کے مطابق ان شہریوں کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار ہے، ان میں سے 40 فیصد نے سنِ بلوغت میں داخل ہوتے ہی تنہائی اختیار کرلی۔

تنہائی کی مختلف وجوہات بیان کی گئی ہیں جن میں مالی مشکلات، ذہنی بیماری، خاندانی مسائل اور صحت کے چیلنجز شامل ہیں۔

حکومت 9 سے 24 سال کی عمر کے نوجوانوں کو ماہانہ وظیفہ دے گی جن کا تعلق ایسے گھرانے سے ہے جس کی آمدنی اوسط قومی آمدنی سے کم ہے۔

جنوبی کوریا میں 4 افراد کے گھرانے کی اوسط قومی آمدنی 54 لاکھ وون (4 ہزار 165 امریکی ڈالر) ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.