پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور سپر اسٹار شعیب اختر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کی شکست پر تبصرہ کیا ہے۔
شعیب اختر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ آئی سی سی ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کے لیے اداسی کا سلسلہ جاری ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ جنوبی افریقہ میچ تو جیت گیا، مگر کم رن ریٹ (NRR) کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ۔
مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناقابلِ شکست رہنے والی انگلینڈ کو ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، ایونٹ سے باہر ہونے والی جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 10 رنز سے ہرادیا۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں انگلش ٹیم صرف 179 رنز ہی بناسکی۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوی افریقہ کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ کو 131 یا اس سے کم اسکور پر روکنا تھا، تاہم وہ ایسا کرنے میں ناکام ہوگئی جس کے ساتھ ہی انگلینڈ کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا نے بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں مقررہ 20 اوورز میں محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
اوپنر ریزا ہینڈرکس کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک نے رسی ویندر ڈوسن کے ہمراہ 71 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، جس کے بعد 86 کے مجموعے پر ڈی کوک 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ویندر ڈوسن اور ایڈن مارکرم نے ناقابلِ شکست 103 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو 189 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ایک وکٹ عادل رشید جبکہ ایک وکٹ معین علی نے لی جبکہ دیگر کوئی بولرز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بجھی بجھی نظر آئی، جہاں کھلاڑیوں نے رنز تو بٹورے لیکن وہ وکٹیں بھی گنواتے رہے۔
انگلینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے تو ایسے میں ابتدائی تین گیندوں پر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرکے کگیسو رباڈا نے انگلینڈ کی مسلسل فتوحات کو بریک لگادی۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی 37 اور ڈیوڈ ملان 33 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 3، تبریز شمسی اور ڈیوائن پریٹوریئن نے 2، 2 وکٹیں لیں اور اینرک نورکیا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
روسی ویندر ڈوسن کو 94 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ جنوبی افریقہ کی انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل پانچ ناکامیوں کے بعد پہلی کامیابی ہے۔
Comments are closed.