بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جنوبی افریقہ نے T20 میں بھارت کی مسلسل فتوحات کو بریک لگادی

جنوبی افریقہ نے اپنا ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے بھارت کی ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل 12 فتوحات کو بریک لگادی۔

نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 211 رنز بنائے، مہمان ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ 

ایشان کشان نے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شریاس ایئر 36، ہاردک پانڈیا 31، کپتان رشبھ پنت 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔  

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آغاز تو اچھا نہ کیا اور ابتدائی 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز بنائے تھے۔ 

تاہم جب مہمان ٹیم کو 12 رنز سے زائد کی اوسط سے رنز درکار تھے تو ایسے میں ڈیوڈ ملر اور رسی وینڈر ڈوسن نے ناقابلِ شکست 126 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر بھارتی بولرز کو دن میں تارے دکھادیے۔ 

وینڈر ڈوسن نے 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے برق رفتار 64 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

واضح رہے کہ یہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے۔ جبکہ بھارت کی مسلسل 12 ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد پہلی ناکامی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.