جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سپر 12 مرحلے میں گروپ 1 کے اہم میچ میں بنگلادیش کو باآسانی 6 وکٹوں سے ہرادیا، اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آج دن کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلادیش کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
جنوبی افریقا کے صف اول کے ورلڈ کلاس بولرز کگیسو رباڈا اور اینرک نور کیا نے بنگلادیش کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
سومیا سرکار، مشفق الرحیم، عفیف حسین اور نسم احمد اپنا کھاتہ تک نہ کھول سکے جبکہ محمود اللّٰہ، محمد نعیم اور تسکین احمد دہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکے۔
آل راؤنڈر مہدی حسن 27 اور اوپننگ بیٹسمین لٹن داس 24 رنز نے پروٹیز کے بولنگ اٹیک کی مزاحمت کی۔
کگیسو رباڈا اور اینرک نورکیا نے 3، 3 وکٹیں لیں جبکہ تبریز شمسی کے دو اور ڈوین پریٹوریئس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
جنوبی افریقہ نے یہ آسان ہدف 15ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، رسی ویندر دوسن 22 اور کوئنٹن ڈی کوک نے 16 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے دو جبکہ نسم احمد اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کے کگیسو رباڈا کو بہترین بولنگ پرفارمنس پو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے ٹیبل پر 6 پوائنٹس ہوگئے ہیں جہاں اس کا گروپ میں ایک میچ باقی ہے۔
دوسری جانب بنگلادیش کی ٹیم باضابطہ طور پر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے جبکہ اس کا آسٹریلیا کے خلاف ایک میچ باقی ہے۔
Comments are closed.