امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے دور حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو جنرل باجوہ نے روڈ سے اقتدار تک پہنچایا اور واپس سڑک پر چھوڑ دیا۔
منصورہ ہالہ میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عمران خان جو دل میں آجائے کہہ دیتا ہے، اب تو پارٹی کے لوگ بھی اس کا دفاع نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بیان دیا اور پھر معافی کےلیے فواد چوہدری کو امریکی سفارتخانے بھیجا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ نے عمران خان کو روڈ سے اقتدار تک پہنچایا تھا اور پھر واپس روڈ پر ہی چھوڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ عوام کےلیے موت اور زہر ہے، 22 کروڑ عوام کو یہ زہر کی گولی پہلی بار نہیں کھلائی گئی۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ قوم قربانی کیوں دے، وہ سیاسی لیڈر قربانی دیں جنہوں نے کھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالہ ہوگا، میں کہتا ہوں شہر قائد کا میئر عوام سے ہوگا، وہ جس پر عوام کا اعتماد سامنے آیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جبر اور دھاندلی سے وہ جو کچھ لے سکتے تھے لے لیا لیکن میئر پیپلز پارٹی کا نہیں آئے گا۔
Comments are closed.