ملتان:مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم صفدر نے کہا ہے کہ گھڑی چور نے صرف گھڑی چوری نہیں کی بلکہ پاکستان کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تباہی مچائی ہے اور آج باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے۔
مریم صفدر نے کہاکہ یہ پاکستان کے 75سالوں میں تاریخ کا سب سے بڑا بلنڈر تھا جس نے ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تباہی مچا دی، مہنگائی کی وجہ سے غریب دو وقت کی روٹی کا بھی محتاج ہوگیا ہے۔
مریم نواز نے عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کی کال کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کل میں سن رہی تھی کہ یہ جیل بھرو تحریک کا کہہ رہا تھا، چار سال جب یہ وزیراعظم بنا بیٹھا تھا تو جیب بھرو تحریک چلا رہا تھا اور کارکنوں کو کہتا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع کرو، اگر جیلیں بھرنی ہیں تو سب سے پہلے عمران خان اپنی ضمانتیں منسوخ کرائیں اور پھر آئیں۔
ان کہنا تھا کہ عمران خان لوگوں کو جیل بھرنے کا کہتا ہے اور خود زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، خواتین کو بلا کر زمان پارک میں کھڑا کیا ہوا ہے کہ کہیں مجھے پولیس پکڑ کر نہ لے جائے۔
Comments are closed.