اتوار 13؍رجب المرجب 1444ھ5؍فروری 2023ء

جنرل باجوہ نے ریٹائرمنٹ پر عمران خان سے متعلق بلنڈر کا اعتراف کیا، مریم نواز کا دعویٰ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ سے کہا ہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے ریٹائرمنٹ پر عمران خان سے متعلق بلنڈر کا اعتراف کیا۔

ملتان جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ریٹائرڈ ہونے کے بعد لوگوں سے کہا کہ ان سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کا اعتراف کافی نہیں، ملک کے ماتھے پر لگا داغ دھونا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹکر کے لوگ ملنے کے دعویدار آج بچوں کی طرح بلک بلک کر رو رہے ہیں۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ جو 4 سال کہتا رہا ان کو رلاوں گا، آج بچوں کی طرح رو رہا ہے، سیاست دان روتا نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا، کسی نے نواز شریف کو روتے دیکھا؟ شاہد خاقان، رانا ثناءاللّٰہ، مفتاح اسماعیل مہینوں جیل میں قید رہے کوئی نہیں رویا، مریم نواز کے آنسو نہیں نکلے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ٹکر کے لوگ کا دعویٰ کرنے والے آج زمین پر بیٹھ کر بچوں کی طرح بلک بلک کر رو رہے ہیں، یہ پہلی بار بےفیض ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس گھڑی چور کو اٹھا کر پاکستان کی سیاست سے باہر پھینکا پڑے گا، میں نے 2019ء میں کہا تھا 5 کی جوڑی کی ہنڈیا ایک دن بیچ چوراہے پھوٹے گی۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ ان پانچ نے اپنے گھر کی معیشت ٹھیک کرلی پاکستان کی معیشت برباد کردی، کہتے تھے پہلی بار ٹکر کے لوگوں سے پالا پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوچھتی ہوں نواز شریف بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر پاکستان آیا جیل گیا، کسی نے اسے روتے دیکھا؟ بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا کسی نے ن لیگی قائد کو روتے دیکھا؟

مریم نواز نے کہا کہ آج جب ان کی روتی ہوئی شکلیں دیکھتی ہوں تو نواز شریف پر فخر ہوتا ہے، ن لیگی قائد نے جیسا صبر کیا اس کے لیے کوہ ہمالیہ جیسا حوصلہ چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ 5، 5 دن کی جیلوں پر روپے ہیں، ہم نے 2، 2 سال جیلوں میں ہنس کر گزار دیے۔ پوچھتی ہوں شاہد خاقان عباسی پر جھوٹا مقدمہ بنا کسی نے اسے روتے دیکھا؟

ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ کسی نے احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، حمزہ شہباز، مفتاح اسماعیل کو روتے دیکھا؟ مجھے گرفتار کیا تو میری بیٹی رونے لگی، میں اپنے باپ کو حوصلہ دے کر جیل گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں میرے کمرے کا دروازہ توڑ کر میرے بیڈ تک آگئے، میں نے آنسو نہیں بہائے، یہ پانچ کا ٹولہ آج خون کے آنسو رو رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف نے کوئی انتقام نہیں لیا، مکافات عمل دنیا کی سب سے بڑی حقیقت ہے، حساب بھی ہوگا اور گناہوں کی سزا بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ چندہ جمع کر کے ان کو ٹشو بھجواتے ہیں، اس طرح نہ رو بھائی ذرا حوصلہ کرو، سیاستدان کا دل بڑا ہوتا ہے، یہ سیاستدان ہوں تو دل بڑا ہو۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ کل کہہ رہا تھا جیل بھرو تحریک شروع کروں گا، 4 سال جب یہ وزیراعظم بنا بیٹھا تھا تو جیب بھرو تحریک چلا رہا تھا، یہ تو سعودی عرب سے ملنے والی خانہ کعبہ کے نقش والی گھڑی بیچ آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاستدان نہیں، اُس نے ملک کی معیشت برباد کردی، اس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا، نواز شریف نے جس طرح پہلے ملک کو بحران سے نکالا، اب بھی نکالے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.