وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ امریکا میں کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو 18 سال سزا ہو سکتی ہے تو جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والوں کی سزا میں انسانی حقوق کیسے آڑے آ سکتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو کا عراق کا دورہ بہت کامیاب رہا، زائرین نے نجف میں پاکستانی قونصل خانے کا مطالبہ کیا، ان کے مطالبے پر اب نجف میں پاکستانی قونصل خانہ کھولا جارہا ہے جس کے لیے عراقی حکومت نے کل اسمبلی میں بل پاس بھی کروا دیا ہے، ملک کا سفارتی عملہ زائرین کی مدد کےلیےموجود ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کل ایف پی سی سی آئی میں ملکی حالات سے متعلق بات کرتے ہوئے عوام کے لیے آواز اٹھائی اور انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے چاہتی ہے کہ لوگوں کو ریلیف دیں۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بتایا کہ آصف علی زرداری نے ملک کے عوام کے لیے آواز اٹھائی اور کاروباری حضرات کی سیکیورٹی کے لیے بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے چاہتی ہے کہ لوگوں کو ریلیف دیں، آصف علی زرداری کو جب بھی موقع ملا، عوام کی خدمت کی، 2013 میں مہنگائی نہیں تھی لیکن افسوس کی بات ہے کہ ساڑھے 3 سال میں ملک میں مہنگائی کے طوفان کھڑے کر دیے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو سیاسی عقل نہیں تھی زبردستی اقتدار میں بیٹھا رہا اور نوجوانوں کو غلط راہ پر لگایا، 2022 میں ایک شخص نے ملک کی معیشت کو کہاں لاکر کھڑا کر دیا، اس کی غلط پالیسیوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا، اس نے جو وعدے آئی ایم ایف سے کیے وہ پورے نہیں کیے بلکہ معیشت کو تباہ کیا جو کہ ایک سنگین جرم ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ہر شخص کو پاکستان میں سیاست کرنے کا اختیار ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ انتخاب کے ذریعے اقتدارِ میں آئی، آصف علی زرداری کو جب بھی موقع ملا انہوں نے عوام کی خدمت کی ہے، جو شخص جلاؤ گھیراؤ میں ملوث رہا ہے، اس کو قانون کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا، اپوزیشن لیڈر کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں ان کو اسمبلی میں کچھ نہیں ہو گا، اپوزیشن لیڈر کو ریڈ کارپٹ دیں گے۔
Comments are closed.