پشاور میں سر میں کیل ٹھونکنے سے زخمی ہونے والی خاتون کے شوہر احمد صابر نے دعویٰ کیا ہے کہ جنات نے میری بیوی کے سر میں کیل ٹھونکی ہے۔
متاثرہ خاتون کے شوہر احمد صابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیوی کی دماغی حالت ٹھیک نہیں، میں گھر پر موجود نہیں تھا، جب آیا تو بیوی کے سر میں کیل ٹھکی ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون سے دوسری شادی کی ہے، ہمارے بچوں کی تعداد 11 ہے، بیوی کو متعدد بار ڈاکٹر کے پاس لے کر گیا، لیکن مسئلہ جنات کا ہے۔
متاثرہ خاتون کے شوہر احمد صابر نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی خاتون کو جنات نے تیسری منزل سے پھینکا تھا۔
دوسری جانب پولیس نے خاتون اور اس کے شوہر کا ماہرِ نفسیات سے میڈیکل چیک اپ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کے معاملے پر ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید نے پریس کانفرنس کی جس کے دوران متاثرہ خاتون کے 2 بیٹوں کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید نے میڈیا کو بتایا کہ زخمی خاتون 4 فروری کو اسپتال لائی گئی تھی، خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کا واقعہ 8 فروری کو میڈیا پر سامنے آیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسپتال سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی، جس سے رکشے کی شناخت کی گئی، اسپتال کے ریکارڈ میں خاتون کا نام بازگلہ تھا، خاتون کے شوہر تک رسائی حاصل کی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ خاتون کو نفسیاتی مسئلہ ہے، خاتون ذہنی مریضہ ہے اور اس نے خود کو زخمی کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خاتون ذہنی مریضہ ہے، 2017ء میں بھی خاتون ماہرِ نفسیات کے زیرِ علاج تھی، اس کا شوہر صابر متواتر اپنی بیوی کا میڈیکل چیک اپ کرا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سر میں کیل ٹھونکے جانے سے زخمی ہونے والی مذکورہ خاتون بازگلہ کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا تھا جہاں اس کے سر سے سرجری کے ذریعے کیل نکالی گئی تھی۔
اس سے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ متاثرہ خاتون کی 3 بیٹیاں ہیں اور نرینہ اولاد نہیں ہے، خاتون کے شوہر کو بیٹیاں پسند نہیں تھیں، بیٹے کی پیدائش کی خواہش پر جعلی عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھونکی گئی تھی تاہم خاتون کے بیٹے سامنے آنے پر یہ بات غلط ثابت ہو گئی۔
اسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر حیدر نے بتایا تھا کہ خاتون حاملہ تھی اور اس کے سر پر گہری چوٹ آئی تھی، کیل کو سرجری کے ذریعے نکال کر خاتون کو ڈسچارج کر کے گھر روانہ کر دیا گیا تھا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مریضہ کو اسپتال لانے والوں میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل تھیں۔
پولیس کی جانب سے خاتون کے خاوند کا سراغ لگا کر اسے آج تھانے طلب کیا گیا تھا۔
Comments are closed.