حکومت نے جمعہ7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانےکا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے آج اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ 7 جولائی کو سوئیڈن میں پیش آنے والے واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم سے احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ایک زبان ہو کر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی۔ جمعہ کو ملک بھر میں سوئیڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔
انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانےکا بھی فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سوئیڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل بنایا جائے۔ پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات و احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قرار داد منظور کی جائے، وزیراعظم نے مسلم لیگ ن کو جمعہ کے دن یوم تقدیس قرآن میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ مذہب، مقدس ہستیوں اور عقائد کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہن دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں ایسے رجحانات اور واقعات کے تدارک کیلئے کام کریں۔
Comments are closed.