کراچی کی مقامی عدالت نے سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں بجلی کے کنڈے لگانے سے روکنے پر قتل کیے گئے جماعت اسلامی کے کونسلر حبیب اللّٰہ کے کیس کے ملزم امتیاز عرف جونی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
سرجانی ٹاؤن پولیس نے جماعت اسلامی کے کونسلر حبیب اللّٰہ کے قتل میں ملوث ملزم امتیاز عرف جونی کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کیا۔
حبیب اللّٰہ کو سرجانی ٹاؤن میں بجلی کے کنڈوں کی مخالفت پر قتل کیا گیا تھا۔ کیس کے تفتیشی افسر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ملزم سے مفرور ساتھیوں کے بارے میں تفتیش کرنی ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان طلب کرلیا اور کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے جماعت اسلامی کے کونسل جاں بحق اور دیگر 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق جھگڑا بجلی کے تاروں میں کنڈا لگانے پر ہوا، فائرنگ کرنے والا گروپ چوری کی بجلی کے بدلے رقم وصول کرتا ہے۔
Comments are closed.