بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

  جماعت اسلامی کراچی کا چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک جدوجہد کا اعلان

کراچی: جماعت اسلامی نے شہر قائد کی رونقیں بحال کرنے کیلیے  چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک جدوجہد کا اعلان کیا ہے، کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کیلیے 26جون کو عظیم الشان جلسہ عام ہوگا۔

شہر میں پانی کے شدید بحران، ٹینکرمافیا اور واٹر بورڈ کی ملی بھگت اور کراچی کے لیے  650ملین گیلن کے K-4منصوبے میں کٹوتی،سرکاری سرپرستی میں کے الیکٹرک کی ظلم وذیادتی،شدید لوڈشیڈنگ اورنرخوں میں اضافہ،کراچی کے نوجوانوں کی سرکاری ملازمتوں میں حق تلفی اور جعلی مردم شماری کے خلاف کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول اور گھمبیر مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے تحت اتوار کو مزار قائد سے ایک عظیم الشان اور تاریخی ”حقوق کراچی کارواں“نکالا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہر کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے چارٹر آف ڈیمانڈ اعلان کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ پانی کا K-4منصوبہ فوری مکمل کیا جائے، 650ملین گیلن پانی ساڑھے تین کروڑ عوام کا جائز اوربنیادی حق ہے اس میں کسی قسم کی کمی یا کٹوتی منظور نہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ  کے الیکٹرک مافیا کو لگام دی جائے، اس کا لا ئسنس منسوخ کیا جائے، لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کا خاتمہ کیا جائے،کلاء بیک کی مد میں 42ارب روپے کراچی کے عوام کو واپس دلوائے جائیں، 2017میں نواز لیگ کے دور میں ہونے والی مردم شماری کے نام پر جعلی گنتی قبول نہیں،کراچی کی مردم شماری درست کی جائے اور اسی تناسب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی اور وسائل فراہم کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ شہر قائد کی گنتی مردم شماری کی جائے ، مردم شماری کے بغیر قومی و صوبائی انتخاب قابل قبول نہیں۔

حقوق کراچی کاررواں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نےکہا کہ  حکمران مہاجر ، سندھی پختون میں تقسیم تو کرتے ہیں لیکن کراچی کو حق نہیں دیتے،  کراچی کو ساڑھے تین کروڑ گنا جائے تو وزیر اعلی کراچی سے ہوگا،  کسی صوبائی و وفاقی حکومت کو اس بات کی جرات نہیں ہوگی کہ کراچی کا حق سلب کرے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  ایم کیو ایم شہر سے مینڈیٹ لے کر وڈیروں اور جاگیرداروں کے ہاتھوں فروخت کردیا،  کارواں اعلان کررہا یے کہ کراچی کے عوام اپنا پورا حق لیں گے،لاہور کی میٹرو کراچی کے پیسوں سے بنتی ہے لیکن ہم بڑا دل رکھتے ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو اس کا حق دیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا کو کراچی کے عوام پر مسلط کیا ہوا ہے، تمام حکومتی جماعتیں کراچی کے عوام کے خلاف فیصلے کرتے ہیں، کراچی کے عوام جان لیں کہ جنہوں نے بھر بھر کے ووٹ دیے انہوں نے کوٹہ سسٹم پر غیر معینہ مدت تک اضافہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی سندھ کہتے ہیں کہ ساڑھے پانچ سو ملین گیلن پانی میں سے 40 فیصد لیکیج ہے،  ہم کہتے ہیں کہ یہ لیکیج نہیں چوری اور بھتہ ہے جس کا حصہ وزیر اعلی ہاوس تک جاتا ہے، کراچی میں رہنے والے تمام زبان بولنے والے سب ہمارے بھائی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  صوبائی حکومت تعصب اور لسانیت کی بنیاد پر ملازمتیں دے گی تو کراچی کے عوام اپنا حق خو چھین کر لیں گے، حکمران کراچی کے نوجوانوں کی تعداد کو دیکھ لیں، چودھریوں اور جرنیلوں نے کراچی خو آئیسولیشن بنانے کی سازش کی تھی۔

You might also like

Comments are closed.