امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے حکمرانوں کی نااہلی اور کارکردگی کھل کر سامنے آگئی ہے، جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو اختیارات کا رونا نہیں روئے گا۔
حافط نعیم الرحمٰن نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آج بھی کراچی میں پیپلز پارٹی کا سیاسی ایڈمنسٹریٹر تعینات ہے، سیاسی ایڈمنسٹریٹر رکھنا واضح دھاندلی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات میں اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی، الیکشن کمیشن نے ابھی تک ووٹر لسٹوں کی درستگی نہیں کی، 40 فیصد لوگوں کے نام ان کے اصل ایڈریس میں موجود ہی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی طویل عرصے سے ووٹر لسٹوں پر احتجاج کر رہی ہے، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کو مکمل سپورٹ کر رہا ہے، ہم نے ووٹر لسٹوں کی درستگی کے لیے لانگ مارچ بھی کیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ 24 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو منسوخ یا ملتوی نہیں کیا جاسکتا ہے، مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات 24 جولائی کو ہی ہونے چاہیے۔
اُن کا پریس کانفرنس کے دوران مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات مؤخر کروانے والی جماعتیں انتخابات سے فرار چاہتی ہیں۔
Comments are closed.