کراچی: جماعت اسلامی نے اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی و جارحیت کے 100دن ہونے پر شاہراہ فیصل پر عظیم الشان ”غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا، جس میں لاکھوں مرد وخواتین اور بچوں نے شرکت کرکے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے یہودی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
حماس کے قائد اسماعیل ہنیہ کی جانب سے اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی و جارحیت کے 100دن ہونے پر دنیا بھر کے مسلمانوں سے احتجاج کرنے کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے جماعت اسلامی کے تحت اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری، مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں، خواتین و بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف اور”اہل فلسطین“اور”تحریک مزاحمت حماس“ سے یکجہتی اور اتحاد امت کے اظہار کے لیے اتوار کوشاہراہ فیصل پر عظیم الشان ”غزہ ملین مارچ“ ہواجس میں شہر بھر سے لاکھوں مردو وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوئے، مارچ میں علماء، وکلاء،ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ، تاجر، مزدور سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عظیم الشان و تاریخی غزہ ملین مارچ کے انعقاد پر جماعت اسلامی کراچی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
اہل کراچی نے زبردست مارچ منعقد کر کے پیغام دیا ہے کہ کراچی کے عوام جاگ رہے ہیں، عوام اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں کی مدد کرنے،ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اوراپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے انتخابات میں بزدل حکمرانوں کومسترد کریں اور 8فروری کو جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں۔
غزہ مارچ سے امیر جماعت اسلامی کراچی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرکے حکمرانوں کو غیرت دلاتے ہوئے عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ لڑنے کی اپیل کی۔
Comments are closed.