اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک پر غیر سنجیدہ حکمران مسلط ہیں، چینی ، آٹا اور ادویات کی چوری میں حکومتی لوگ ملوث ہیں، حکومت نے کسانوں ، مزدوروں اور نوجوانوں کو دھوکادیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد میں 31 اکتوبر کو بے روز گار نوجوانوں کا احتجاج ملک میں فیصلہ کن حکومت مخالف تحریک کی بنیاد بنے گا،حکومت عوام کے ساتھ مذاق کررہی ہے،مہنگائی کی وجہ سے عوام خودکشی پر مجبور ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے اور حکومت کرنے میں بڑا فرق ہے، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی میں کوئی فرق نہیں،،آئی ایم ایف کی غیر مشروط غلامی نے حکومت کو بے وقار کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام کے خون پسینےسے کمائی گئی ایک ایک پائی نچوڑنا چاہتے ہیں،حکمرانوں کی بے تدبیریوں کی وجہ سے ملک افراتفری کا شکار ہو چکا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عالم اسلام کی امیدوں کا محور پاکستان غلط پالیسیوں کی وجہ سے روبہ زوال ہے،قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی پاکستان کو دنیا میں کھویا ہوا مقام دلوایا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.