کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہم کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں سادہ اکثریت کی طرف جارہے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں 25 فیصد ٹرن آٹ رہا ہے، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں سادہ اکثریت کی طرف جارہے ہیں، جماعت اسلامی 100کے قریب نشستوں پر کامیاب ہوگئی ہے، 10 سے 15 یوسیز میں ابہام ہے۔
رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نتائج میں گڑبڑ کرنے کی کوشش ہورہی ہے، اکثریت کو کم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں، آر اوز بلدیاتی انتخابات کے نتائج روک کر بیٹھے ہیں، سازشیں جیسے پہلے ناکام ہوئیں اب بھی ناکام ہوں گی۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر کا کہنا تھا کہ کئی مقامات پر نتیجہ زبردستی تبدیل کرادیاگیا ہے، فارم 11 نہ لیتے تو ہمیں کنارے لگا دیا جاتا، جو آر اوز نتیجہ تبدیل کرنےکی کوشش کررہے ہیں انہیں روکا جائے، پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن کسی کو اس کےحق سے محروم نہ کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کا نتیجہ فارم 11کے مطابق آنا چاہیے، جماعت اسلامی نے بہت محنت کی ہے، جماعت اسلامی کے میئر کو آنے سے زبردستی روکا گیا تو سارے آپشن موجود ہیں. جماعت اسلامی کراچی کے امیر کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت سی جماعتوں کے سپورٹرز نے بھی ہمیں ووٹ دیا، سازشیں ناکام ہوئیں تو سب کو ساتھ لیکر چلیں گے، ہم عوام کے مفاد کو سامنے رکھیں گے۔
Comments are closed.