جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے فارم 11 کو دیکھنے کے لیئے 4 رکنی مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
پی ٹی آئی اور جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
جماعتِ اسلامی کے وفد میں ڈاکٹر اسامہ، مسلم پرویز، سلیم اظہر بھی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے وفد کی قیادت صوبائی صدر علی زیدی کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری سندھ مبین جتوئی، بلال غفار اور دیگر رہنما بھی موجود ہیں
جماعتِ اسلامی اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں بلدیاتی انتخابات سمیت متعلقہ سیاسی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی کے میئر کے انتخاب کا معاملہ پیر تک لٹک گیا۔
جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ کراچی کے میئر کے حوالے حتمی فیصلہ 23 جنوری کو ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جب کہا کہ میئر جیالا ہو گا، تب میں نے کہا کہ جب پورا سندھ ڈوب گیا تھا تب جیالا کہاں تھا؟ کیا جیالا کلفٹن میں پش اپس کر رہا تھا کہ مجھے میئر بننا ہے۔
سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ کراچی مزید کھنڈر بن جائے۔
واضح رہے کہ اسی معاملے پر 19 جنوری کو سندھ کے وزیر سعید غنی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد جماعتِ اسلامی کراچی کے دفتر ادارۂ نورِ حق میں حافظ نعیم الرحمٰن اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کر چکا ہے۔
ملاقات کے دوران بلدیاتی انتخابات اور میئر کراچی سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال ہوا تھا۔
Comments are closed.