پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق کی ملاقات کے بعد عمران خان کی ہدایات پر پی ٹی آئی نے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔
کمیٹی میں پرویز خٹک، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں جو ملک میں جاری سیاسی بحران پر جماعتِ اسلامی سے مذاکرات کرے گی۔
گزشتہ روز امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات میں خود شامل نہیں ہوں گا۔
اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کچھ قدم آپ آگے بڑھائیں، وزیرِ اعظم بھی دو قدم پیچھے ہٹیں تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے کوئی بات واضح ہو تو اپنے نمائندے بھیج سکتا ہوں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا شدید فقدان ہے، صرف پنجاب میں انتخابات ہوئے تو اسمبلیاں اکٹھی مدت پوری نہیں کر پائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ اس سے طاقت کا توازن بگڑ جائے گا، صدر اور سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی تاریخیں 90 دن سے تجاوزکر چکی ہیں۔
Comments are closed.