جمعہ 26؍ربیع الاول 1445ھ13؍اکتوبر 2023ء

جماعتِ اسلامی، پی ٹی آئی نے مرتضیٰ وہاب کے کاغذاتِ نامزدگی چیلنج کردیے

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ضلع کیماڑی سے کاغذات نامزدگی کو سٹی کورٹ الیکشن ٹریبونل غربی میں چیلنج کردیا گیا۔

یو سی 3 ماڑی پور سے جماعت اسلامی کے امیدوار برائے چیئرمین محمد حسین نے درخواست دائر  کی جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مرتضیٰ وہاب ماڑی پور یو سی 3 کے نہ ووٹر ہیں اور نہ ہی رہائشی۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کے کاغذات نامزدگی کی منظوری غیر قانونی ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے مطابق امیدوار کا وارڈ یا کونسل میں رجسٹرڈ ووٹر ہونا ضروری ہے۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ آر او کو اعتراض سے آگاہ کیا لیکن ریٹرننگ افسر نے کارروائی نہیں کی، الیکشن ٹریبونل ریٹرننگ افسر کے غیر قانونی اقدام کو کالعدم قرار دے اور  مرتضیٰ وہاب کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا جائے۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف نے بھی مرتضیٰ وہاب کے ضلع کیماڑی سے کاغذات نامزدگی چیلنج کردیے۔

تحریک انصاف کے یو سی 3 ماڑی پور کے دو امیدواروں نے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرلیا ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے صدر ٹاؤن یوسی 13 کی نشست پر کاغذاتِ نامزدگی منظور ہو گئے۔

اس حوالے سے فاران سردار ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ مرتضیٰ وہاب ضلع کیماڑی سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں، بلدیاتی قوانین کے مطابق امیدوار کے لیے متعلقہ کونسل کا رجسٹرڈ ووٹر ہونا لازمی ہے۔

فاران سردار ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کے کاغذات نامزدگی کے مطابق ان کا پتہ ضلع جنوبی کا ہے، استدعا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کے ضلع کیماڑی سے ضمنی الیکشن کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.